29 نومبر 2026 - 03:01
پاکستان جنگِ یمن کے دو راہے پر- 2

انصاراللہ اور سعودی فریق کے درمیان تصادم کی شدت نے قیام امن کے حوالے سے ذمہ داریاں نبھانے میں پاکستان کو کڑی آزمائش سے دوچار کر دیا ہے؛ ایسی آزمائش جس کے لئے معاشی مفادات، جغرافیائی سیاسی پہلوؤں اور پاک فوج کی کمانڈ کے علاقائی عزائم کے درمیان توازن قائم کرنا مشکل، مگر، لازم ہے۔

بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ فیلڈ مارشل، عاصم منیر کی کمانڈ کے دور میں پاکستان کی مشرق وسطیٰ پالیسی میں غیر معمولی حد تک حرکت پیدا ہوئی ہے۔ ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی، غزہ امن کونسل میں رکنیت اور مکہ دفاعی معاہدے کا انعقاد، مغربی ایشیا کے نئے امن آرکیٹیکچر میں اپنا مقام بلند کرنے کے لئے اسلام آباد کی کوششوں کی مثالیں ہیں۔ تاہم انصاراللہ اور سعودی فریق کے درمیان تصادم کی شدت نے قیام امن کے حوالے سے ذمہ داریاں نبھانے میں پاکستان کو کڑی آزمائش سے دوچار کر دیا ہے؛ ایسی آزمائش جس کے لئے معاشی مفادات، جغرافیائی سیاسی پہلوؤں اور پاک فوج کی کمانڈ کے علاقائی عزائم کے درمیان توازن قائم کرنا مشکل، مگر، لازم ہے۔

دوسرا اور آخری حصہ:

اسی تناظر میں، پاکستان کی وزارت اطلاعات نے بھی 8 اکتوبر کو نیویارک ٹائمز کی اس رپورٹ کی تردید کی کہ پاکستانی لڑاکا طیاروں نے انصاراللہ کے خلاف حملوں میں حصہ لیا ہے۔

لہٰذا، پاکستانی فریق اب تک، پاکستان کی فوجی موجودگی سے متعلق رپورٹوں کی اشاعت کے باوجود، جارحانہ کارروائیوں میں اس کی براہ راست اور مستقل شرکت کی  تردید کرتا آیا ہے۔ اسی لئے انٹیلی جنس تعاون، مشاورتی معاونت اور سعودی عرب کی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانا پاکستان کی موجودہ شرکت کی سب سے زیادہ ممکنہ سطحیں قرار دی جا سکتی ہیں۔

رکاوٹ بننے والے تحفظات، اور مداخلت کا افق

یمن کے خلاف فوجی جارحیت میں سنجیدہ طور پر داخل ہونے کے حوالے سے اسلام آباد کو درپیش رکاوٹ بننے والے اہم ترین تحفظات میں سے ایک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اسلام آباد کے تعلقات ہیں؛ کیونکہ پاکستان بھارت اور افغانستان کی سرحدوں پر سلامتی کے چیلنجوں کا سامنا کر رہا ہے چنانچہ اس کو، منطقی طور پر، تیسرا محاذ کھولنے کا خواہاں نہیں ہونا چاہئے۔

ادھر، پاکستان کی انصاراللہ کے ساتھ سعودی جنگ میں، براہ راست مداخلت، تہران اور واشنگٹن کے درمیان ثالثی سے، اسلام آباد کو حاصل ہونے والا سفارتی سرمایہ بری طرح متاثر کر سکتا ہے۔ عاصم منیر کا سعودی وزیر دفاع اور ترکی کی انٹیلی جنس تنظیم کے سربراہ سے مل کر، مشترکہ طور پر تہران کا دورہ بھی بحران کے سفارتی انتظام کی کوشش کے تناظر میں دیکھا جا سکتا ہے۔

دوسری طرف، سعودی عرب پر پاکستان کا مالی انحصار ـ جس کی مثالیں نومبر 2026 میں تین ارب ڈالر کی جمع پونجی کی تجدید اور 2028 تک پانچ ارب ڈالر کی جمع پونجی کی تجدید ہیں ـ نے اس ملک کے لئے مکمل عدم مداخلت کی حکمت عملی اختیار کرنے کا امکان محدود کر دیا ہے؛ چنانچہ اسلام آباد نے انصاراللہ کے ساتھ خفیہ رابطے کے ذرائع قائم کر دیئے ہیں اور تنازع میں فوجی شرکت کو محدود رکھا ہے، اور یہ معتدل روش اختیار کرنے کے لئے اسلام آباد کے زیر غور آپشنز میں شامل ہیں۔

جنگ جاری رہنے کے امکان اور اسلام آباد میں مکہ معاہدے کی اعلیٰ کمیٹی کے اگلے اجلاس کے انعقاد کو مدنظر رکھتے ہوئے، سعودی عرب کو پاکستان کی انٹیلی جنس، دفاعی اور مشاورتی معاونت میں اضافہ بعید از قیاس نہیں ہے؛ تاہم جارحانہ کارروائیوں میں وسیع شرکت کا انحصار تنازع کے دائرے کے پھیلاؤ اور سعودی عرب کے ٹھکانوں کے خلاف حملوں کی شدت پر ہوگا۔ پاکستان، جو آبنائے ہرمز کے بحران کے معاشی اثرات سے شدت سے، متاثر ہؤا ہے، باب المندب تک عدم تحفظ کے پھیلاؤ سے بھی خائف ہے؛ چنانچہ اسلام آباد کی ممکنہ حکمت عملی یہ ہوگی کہ ریاض کے نزدیک اپنی ساکھ متاثر کئے بغیر، جنگی ذمہ داریوں کو کم سے کم سطح پر پورا کرے؛ کیونکہ پاکستان کی ترجیح امن کی فراہمی ہے نہ کہ ایک اور جنگ کے اخراجات برداشت کرنا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تحریر: تہران تھنک ٹینک

ترجمہ: ابو فروہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

110

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha